وفاقی آئینی عدالت کے دو مزید ججز نے حلف اٹھا لیا، مقدمات کی سماعت کا آغاز

image

وفاقی آئینی عدالت میں دو مزید ججز جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے جس کے بعد عدالت کے ججز کی تعداد سات ہوگئی ہے۔

حلف برداری کی تقریب اسلام آباد ہائی کورٹ کے کانفرنس روم میں ہوئی جس میں چیف جسٹس امین الدین خان نے نئے ججز سے حلف لیا۔ تقریب میں وفاقی آئینی عدالت کے دیگر ججز، آئینی عدالت کے اسٹاف اور عدالتی افسران بھی موجود تھے۔

چیف جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے لیے تین بینچ تشکیل دے دیے ہیں،پہلے بینچ میں چیف جسٹس امین الدین خان، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس ارشد حسین، دوسرے بینچ میں جسٹس حسن رضوی، جسٹس کے کے آغا اور تیسرے بینچ میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس روزی خان شامل ہیں۔

آج سے عدالت نے باقاعدہ مقدمات کی سماعت کا آغاز کر دیا ہے۔ وفاقی آئینی عدالت کے ججز آج سے مختلف بینچز کے تحت مقدمات سنیں گے جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی بعض عدالتیں آئینی عدالت کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ عدالت کے آغاز میں تلاوتِ قرآن بھی کی گئی۔

یہ وفاقی آئینی عدالت ستائیسویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کی گئی ہے، جس میں مجموعی طور پر 13 ججز شامل ہوں گے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چند روز قبل نئے ججز کے لیے صدارتی آرڈر جاری کیا تھا۔

عدالتی کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی وفاقی آئینی عدالت ملکی تاریخ میں مقدمات کی باقاعدہ سماعت کرنے والی اعلیٰ عدالت کے طور پر کام شروع کر چکی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US