خاتون چلتے رولر کوسٹر سے گر گئیں۔۔ دل دہلا دینے والے ویڈیو مناظر

image

سویڈن کے مشہور تفریحی مقام گرونا میں پیش آنے والا حادثہ ایک بار پھر منظرِ عام پر آگیا ہے، جہاں عدالت میں چلائی گئی خوفناک فوٹیج نے اس دن کی ہولناکی کو زندہ کر دیا۔ 2023 کے اس واقعے میں ایک شخص جان سے گیا اور متعدد مسافر زخمی ہوئے، جبکہ کارین ایماگارڈ نامی خاتون کی گرنے کی ویڈیو نے پورے ہال کو سنّاٹے میں ڈال دیا۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رولر کوسٹر تیزی سے آگے بڑھ رہا تھا کہ اچانک ایک سپورٹ آرم ٹوٹ جانے سے گاڑی جھٹکے سے رک گئی اور ٹریک سے ہل کر ایک طرف جھک گئی۔ اسی دوران کارین اپنا توازن کھو بیٹھیں اور کئی فٹ نیچے جا گریں۔ گراوٹ اتنی شدید تھی کہ انہیں فوری سرجری کی ضرورت پڑی، اور آج تک وہ معمول کی زندگی میں مشکلات محسوس کرتی ہیں۔

کارین کے شوہر میکائل ایماگارڈ، جو اس وقت ان کے ساتھ ہی بیٹھے تھے، نے بتایا کہ لمحے بھر میں سب کچھ بدل گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بیوی کو گرنے سے روکنے کی پوری کوشش کر رہے تھے لیکن جھٹکا اتنا زوردار تھا کہ وہ سنبھل نہ سکیں۔ جب انہوں نے کارین کو زمین پر پڑا دیکھا تو ان کا چہرہ خون سے ڈھکا ہوا تھا اور انہیں یقین نہیں ہو رہا تھا کہ وہ زندہ ہوں گی۔

کارین نے اپنے تجربے کو جسمانی اذیت اور ذہنی تھکن کا امتزاج قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں آج بھی وہ منظر یاد ہے جب زمین تیزی سے ان کے قریب آ رہی تھی۔

حادثے کے نتیجے میں تفریحی پارک اور دو دیگر کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع ہو چکی ہے۔ استغاثہ کا مؤقف ہے کہ حفاظتی اصولوں کو نظرانداز کیا گیا جس کے باعث یہ سانحہ پیش آیا، اور وہ تقریباً 19 لاکھ ڈالر کے بھاری جرمانے کی استدعا کر رہا ہے۔ مقدمہ ابھی جاری ہے اور متاثرین انصاف کے منتظر ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US