چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت سے جنگ کے بعد پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر مضبوط ہوا ہے جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی دنیا میں منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور بعد ازاں ایک تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا بھارت کو یاد دلائے گی کہ اس کے سات طیارے گرائے گئے تھے اور بھارت ہر عالمی فورم سے کنی کترا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار جنگ بھی ہار چکی ہے اور کشمیر کے خلاف سازشیں بھی ناکام ہوں گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی بند کمروں میں نہیں بلکہ عوام کے درمیان رہ کر حکومت چلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دو مرتبہ پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا لیکن پیپلزپارٹی واپس آئے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جب عوام کا نمائندہ صحیح ترجمانی نہ کرے تو عوام کو خود جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔ انہوں نے فیصل راٹھور کو عوام کا حقیقی نمائندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے کیے گئے وعدے ان کے پاس امانت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام سیاسی شعور میں پورے ملک سے آگے ہیں اور ماضی میں کیے گئے فیصلوں سے کشمیر میں خلا پیدا ہوا جسے پیپلزپارٹی دوبارہ پر کرے گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بھارت پاکستان اور کشمیر کے بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے مگر مودی حکومت کو واضح پیغام ہے کہ وہ جنگ بھی ہارے اور اب سازشیں بھی ناکام ہوجائیں گی۔