دفاتر کے قیام کے لیے نادرا کو ملکیتی اراضی کی تلاش، اداروں کو مراسلہ ارسال

image

محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا نے نادرا حکام کی درخواست پر صوبہ بھر میں نادرا دفاتر کیلیے موزوں اراضی کی تلاش شروع کردی ہے، اس ضمن میں محکمہ بلدیات نے شہری ترقیاتی اتھارٹیز، پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور لوکل کونسل بورڈ کو ایک مراسلہ ارسال کرتے ہوئے موزوں اراضی کے انتخاب کی ہدایت کردی ہے۔

قومی ڈیٹا بیس اور رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے محکمہ بلدیات کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں دفاتر کیلیے اراضی تلاش کرنے کی درخواست کی گئی ہے، محکمہ بلدیات کی جانب سے ذیلی اداروں کو ارسال مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں اس وقت 900 کے قریب نادرا رجسٹریشن سینٹرز کام کر رہے ہیں، جن میں سے 99 فیصد کرائے کی عمارتوں میں قائم ہیں۔

شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور ادارے کے مستقل وجود کو یقینی بنانے کے لیے اب نادرا نے تحصیل اور ضلعی سطح پر اپنے ملکیتی تعمیر کردہ دفاتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ بلدیات نے ذیلی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اراضی کا انتخاب کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا جائے کہ زمین کسی بھی قسم کے قانونی یا مالی دعوؤں سے پاک ہو، اسی طرح بجلی، گیس، پانی اور پی ٹی سی ایل جیسی بنیادی سہولیات دستیاب ہوں اور زمین ہائی پاور ٹرانسمیشن لائنز یا سیلاب کے خطرے والے علاقوں سے دور ہو۔

محکمہ بلدیات نے متعلقہ حکام سے فوری طور پر زمین کے ممکنہ مقامات کی فہرست فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ انہیں نادرا ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد بھیجا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US