کرم میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 23 بھارتی سرپرست یافتہ خوارج ہلاک

image

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق 19 نومبر کو موصول ہونے والی مصدقہ خفیہ اطلاعات پر پہلے ٹارگٹڈ آپریشن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا گیا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 خوارج مارے گئے۔

اسی مقام پر موجود دہشت گردوں کے ایک اور گروہ کی موجودگی کی اطلاع پر دوسرا آپریشن کیا گیا جس میں مزید 11 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ہلاک دہشت گرد بھارت کی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا جبکہ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ چھپے ہوئے دہشت گرد کو بھی ختم کیا جا سکے۔

فوجی ترجمان نے واضح کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت فیڈرل ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ ویژن عزمِ استحکام کے مطابق ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار کے ساتھ جاری رہیں گی اور سکیورٹی فورسز غیر ملکی پشت پناہی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کرم میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور پوری قوم وطن عزیز کے دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US