وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے احساس ریڑھی بان روزگار تحفظ بل 2025 کا مسودہ تیار کرلیا۔
خیبر پختونخوا پہلا صوبہ بن گیا ہے جہاں ریڑھی بانوں کے حقوق کو قانون کا مستقل حصہ بنایا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مطابق 1.4 لاکھ سے زائد ریڑھی بانوں کو ریاستی تحفظ کے دائرے میں شامل کیا جا رہا ہے، ریڑھی بانوں کی روزی پر اب کوئی ڈاکا نہیں ڈال سکے گا، 380 ارب روپے کی اسٹریٹ اکانومی کو مکمل قانونی ڈھانچہ دے کر صوبائی حکومت نے تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں۔
نئے قانون میں ہراسانی اور رشوت ستانی کو سنگین جرم قرار دیا جائے گا، قانون کے مطابق رجسٹرڈ ریڑھی بانوں کے خلاف بغیر نوٹس انسداد تجاوزات کارروائیاں مکمل طور پر ممنوع ہوں گی، نئے قانون میں ریڑھی بانوں کو مائیکرو فنانس، کریڈٹ، انشورنس اور ایمرجنسی سپورٹ تک رسائی ملے گی، ریڑھی بانوں کے لیے محفوظ وینڈنگ زونز، واضح حقوق اور مکمل قانونی تحفظ فراہم کر رہے ہیں، اسٹریٹ وینڈنگ سرٹیفکیٹ قانونی تحفظ کی ضمانت ہوگی اور ریڑھی بانوں کی روزانہ کی کمائی سرکاری چھتری تلے محفوظ ہوگی۔
قانونی مسودے کے مطابق نئے تحصیل وینڈنگ کمیٹیز کے فیصلوں میں ریڑھی بانوں کی نمائندگی لازم ہوگی، ریڑھی بانوں کی محنت اور عزتِ نفس کا اعتراف کرتے ہیں، ان کی کھوئی ہوئی خودی بحال کریں گے، ایوان میں پیشی سے قبل بل کو منظوری کے لیے کابینہ بھجوایا جا رہا ہے۔