این اے 18 ہری پور کے ضمنی انتخابات کے انتظامات سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس

image

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور پر 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے فول پروف انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا سعید گل، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ اور آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، سیکریٹری ہوم محمد زبیر، کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی سمیت ریجنل پولیس افسر و ریجنل الیکشن کمشنر ہزارہ ڈویژن، ذوالفقار احمد ودیگر افسران نے شرکت کی۔

جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر محمد فرید آفریدی، ڈائریکٹر الیکشنز محمد ندیم خان، ڈپٹی ڈائریکٹر فہد علی شاہ بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اجلاس کو این اے 18 ہری پور کی خالی نشست پر 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے حویلیاں میں ہونے والے جلسہ میں غیر مناسب تقریر پر الیکشن کمیشن کی جانب سے تحفظات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ضمنی انتخاب اہمیت کا حامل ہے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جا رہا ہے، انتخابی مہم کل یعنی 21 اور 22 نومبر 2025 کی آدھی رات کو ختم ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ مجموعی طور پر 7 لاکھ 54 ہزار سے ووٹرز افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 92 ہزار 4 سو 15 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 61 ہزار 7 سو 5 ہے۔

مجموعی طور پر 604 پولنگ اسٹیشن اور 1906 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ 402 پولنگ اسٹیشن حساس اور 42 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کے دفتر سمیت ڈی آر او اور آر او کے دفاتر میں انتخابات کی مانیٹرنگ، کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے انتخابی مٹیریل کی تقسیم اور نتائج مرتب ہونے والے مرکز کے لیے بھی سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کی ہدایت کی۔

چیف سیکریٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو ان کی جانب سے کی جانے والی تقریر کے بارے الیکشن کمیشن کے نوٹس سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔ سیکیورٹی کے لیے خاطر خواہ انتظامات کیے جائیں گے اور الیکشن کمیشن کے احکامات و ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

چیف سیکریٹری، ہوم سیکریٹری اور ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ڈویژن کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیکیورٹی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر معمول سے زیادہ سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

تمام سیکیورٹی ادارے باہمی رابطہ میں رہیں گے، پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس میں 24 گھنٹے عملہ موجود ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں۔ امید ہے کہ ضمنی انتخابات پر امن ماحول میں منعقد ہوں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US