اڑیسہ میں پیش آنے والا یہ دل خراش واقعہ ایک مکمل سانحے کی صورت اختیار کر گیا، جہاں ایک چار سالہ معصوم بچے کی زندگی صرف ایک لمحے کی بے احتیاطی نے چھین لی۔ ضلع کندھمال کے گاؤں مُسومہا پاڑہ میں رنجیت پردھان اپنے بیٹے بیگل کے لیے معمول کی طرح ایک دکان سے چپس کا پیکٹ لایا۔ انہیں اندازہ بھی نہیں تھا کہ اس پیکٹ میں رکھا گیا ایک ننھا سا پلاسٹک کھلونا ان کے بیٹے کی موت کی وجہ بن جائے گا۔ گھر پہنچ کر جب پیکٹ کھولا گیا تو اندر چپس کے ساتھ ایک چھوٹی سی ٹائے گن بھی نکلی، جو بیگل نے خوشی خوشی اٹھالی۔
کچھ ہی دیر بعد والدین کسی کام سے اندر گئے اور بچہ تنہا بیٹھے اس کھلونے سے کھیلتا رہا۔ کھیلتے کھیلتے اس نے پلاسٹک گن منہ میں ڈال لی، جو اچانک اس کے حلق میں پھنس گئی۔ سانس رکنے سے اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑا۔ شور سن کر والدین بھاگے آئے اور کھلونا باہر نکالنے کی کوشش کی، مگر کوئی فائدہ نہ ہوا۔ بچے کو فوراً قریب کے صحت مرکز لے جایا گیا جو تقریباً 30 کلو میٹر دور تھا، لیکن وہاں پہنچتے ہی ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
اس افسوس ناک صورتحال نے پورے علاقے کو غمزدہ کر دیا، جبکہ پولیس کے مطابق اہلخانہ نے کسی قسم کی شکایت درج نہیں کرائی۔ گاؤں میں اس سانحے کے بعد بچوں کے کھلونوں والی پیکنگ پر بھی تشویش پائی جا رہی ہے، کیونکہ ایک بے ضرر دکھنے والی چیز نے ایک خاندان کی خوشیاں لمحوں میں ختم کر ڈالیں۔