بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بستی میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جب ونے آنند شرما کی دوسری شادی کی تقریب کے دوران ان کی پہلی بیوی ریشما نے اسٹیج پر پہنچ کر ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریشما اپنے خاندان کے ہمراہ شادی کی تقریب میں داخل ہوئی اور مہمانوں کے سامنے ونے پر الزام لگایا کہ وہ قانونی طور پر اس کا شوہر ہونے کے باوجود دوسری شادی کر رہا ہے۔ ریشما نے شادی میں موجود لوگوں کو اپنی اور ونے کی پرانی شادی کی تصاویر بھی دکھائیں اور دعویٰ کیا کہ ونے نے اس کے اکاؤنٹ سے بڑی رقم نکالی اور اس کے نام پر کار کی فنانسنگ بھی کی ہے۔
رشما اور ونے نے 2022 میں عدالت میں شادی کی تھی، جس کے بعد دونوں خاندانوں کی موجودگی میں رسمی تقریب بھی ہوئی۔ تاہم چند ماہ بعد اختلافات پیدا ہوئے اور ریشما نے طلاق کے لیے درخواست دائر کی، جو ابھی تک زیر التوا ہے۔ ونے حال ہی میں اپنے گاؤں واپس آیا اور وہاں دوسری شادی کی تیاریاں جاری تھیں، لیکن ریشما کو اس خبر کا علم ہوا تو وہ تقریب میں پہنچ گئی اور شادی کو روک دیا۔
پولیس کو ہنگامے کی اطلاع دی گئی، جس کے بعد دلہا سمیت دونوں فریقین کو تھانے لے جایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چونکہ پہلی شادی کا قانونی معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا، اس لیے ونے کی دوسری شادی بھی اس وقت تک زیر التوا رہ گئی ہے۔ واقعے نے نہ صرف خاندان بلکہ گاؤں میں بھی دلچسپی اور حیرت پیدا کر دی ہے، اور قانونی پیچیدگیوں کی روشنی میں اس معاملے پر غور جاری ہے۔