الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 96 فیصل آباد کے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بلال چوہدری کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے دونوں شخصیات کو 24 نومبر کو طلب کیا ہے۔ نوٹس ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کی رپورٹ کی بنیاد پر جاری ہوا، جس میں بتایا گیا تھا کہ وزیرِ مملکت طلال چوہدری اور امیدوار بلال چوہدری نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کارنر میٹنگ میں شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دونوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا، جس کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کی گئی۔ رپورٹ کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے معاملے پر مزید کارروائی کے لیے فریقین کو طلبی نوٹس جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد سب کے لیے لازمی ہے اور خلاف ورزی پر کارروائی جاری رہے گی۔