وزیراعظم نے ریلوے کو ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دے دیا

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کے امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ریلوے کی بحالی، اپ گریڈیشن اور مستقبل کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستان ریلوے کو ملک کی معیشت اور مواصلاتی نظام کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قومی ادارے کی بحالی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستان ریلوے کے علاقائی روابط، بین الاقوامی ٹرین لنکس اور بڑے منصوبوں کے لیے عالمی معیار کے قانونی اور معاشی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں، تاکہ منصوبے مؤثر اور شفاف انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔

وزیراعظم نے ریلوے کی زمین اور پراپرٹی کے معاملات میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل اپنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ ریلوے کے اثاثوں سے زیادہ سے زیادہ آمدن حاصل ہو۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان ریلویز کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے تحت رابطہ نامی نظام کے 7 ڈیجیٹل پورٹلز فعال ہو چکے ہیں اور 56 ٹرینیں اس نظام پر منتقل کر دی گئی ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ ملک کے 54 ریلوے اسٹیشنوں کی ڈیجیٹائزیشن مکمل ہو چکی ہے۔

وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ریلوے نظام کی جدید خطوط پر استواری اور بہتر عوامی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US