وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں ڈیجیٹل پیمنٹس ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی، جو خیبرپختونخوا کو ملک کا پہلا صوبہ بنا دیتا ہے جو ڈیجیٹل معیشت کے لیے قانونی فریم ورک فراہم کرے گا۔ بل کو کابینہ کی منظوری کے لیے بھی بھیجا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مطابق نئے قانون کے تحت حکومت، کاروبار اور سروس سیکٹرز میں کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی لازمی ہوگی۔ رجسٹرڈ کاروباروں پر دو سال تک ڈیجیٹل پیمنٹس کے ذریعے نئے سیلز ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ، ڈیجیٹل ادائیگی پر اضافی چارجز لینا ممنوع ہوگا اور صارف کو ادائیگی سے انکار کرنے والا کاروبار قانون کی خلاف ورزی کرے گا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز سے شفافیت، سہولت اور مالی تحفظ میں اضافہ ہوگا اور بل مالی شمولیت، شفافیت اور معیشت کی جدید کاری کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ صارف اور کاروبار کے ڈیٹا کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عوامی سہولت کے لیے بازاروں میں پبلک وائی فائی اور دیگر ڈیجیٹل خدمات فراہم کی جائیں گی، جبکہ تعلیمی نصاب میں مالی اور ڈیجیٹل خواندگی کو شامل کیا جائے گا۔ ضلع سطح پر نفاذ اور آن بورڈنگ کے عمل کو آسان بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کیش لیس معیشت کا ماڈل صوبہ بن کر وفاق اور دیگر صوبوں کے لیے رہنمائی فراہم کرے گا، اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ سے صوبے میں اقتصادی ترقی اور مالی شمولیت کے نئے دروازے کھلیں گے۔