باپ کو پائلٹ بیٹے کی موت کی خبر کیسے ملی؟ تیجس طیارہ حادثہ ! والد کا بیان

image

"میں اپنے فون پر سوشل میڈیا دیکھ رہا تھا کہ اچانک مجھے پتا چلا میرا بیٹا جس تیجس طیارے کو اُڑا رہا تھا وہ حادثے کا شکار ہوگیا ہے۔ یہ خبر مجھے کسی ادارے نے نہیں دی، میں نے خود سکرول کرتے ہوئے دیکھی۔"

دبئی ایئر شو کے دوران تیجس کے المناک حادثے نے بھارتی فضائیہ کو گہرے صدمے میں ڈال دیا ہے، اور اب بھارتی افسران نے بھی پائلٹ وِنگ کمانڈر نمنش سیال کی موت کی باضابطہ توثیق کر دی ہے۔ اس افسوسناک واقعے نے ایئر شو کی چہل پہل کو چند لمحوں میں سوگوار فضا میں بدل دیا۔

نمنش سیال کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بیٹے کی موت کی خبر انہیں کسی سرکاری ذریعے نے نہیں دی بلکہ وہ معمول کے مطابق سوشل میڈیا دیکھ رہے تھے کہ ایک دل دہلا دینے والی پوسٹ نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ جس طیارے کی وہ تصاویر اور ویڈیوز بارہا دیکھ چکے تھے، وہ لمحوں میں موت کا پیکر بن گیا۔

حادثے کے وقت رن وے کے قریب موجود ایک غیر ملکی عینی شاہد نے منظر کو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ طیارہ آسمان میں محض آٹھ سے نو منٹ رہا۔ اُس نے چند دائرے مکمل کیے اور پھر یکدم ایسے جھکا جیسے قابو سے باہر ہو گیا ہو۔ لمحہ بھر بعد طیارہ نوّاز ڈائیو میں گیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے دھماکے کے ساتھ زمین سے ٹکرا کر بکھر گیا۔

ایئر شو انتظامیہ کے مطابق یہ حادثہ ایک ایر و بیٹک مظاہرے کے دوران پیش آیا جہاں معمولی سی تکنیکی لغزش بھی بڑے سانحے میں بدل سکتی ہے۔ بھارتی حکام نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کرنے کا اعلان کر دیا ہے تاکہ یہ جانا جا سکے کہ آخر رفتار، زاویے یا سسٹم میں ایسی کیا خرابی پیدا ہوئی جس نے ایک تجربہ کار پائلٹ کو بھی سنبھلنے کی مہلت نہ دی۔

سب سے تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ تیجس گزشتہ دو سال کے اندر دوسرا بڑا حادثہ جھیل چکا ہے۔ مارچ 2024 میں بھی یہی لڑاکا جہاز راجستھان کے جیسلمیر میں گر کر مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا، جس نے پہلے ہی اس پروگرام کی ساکھ پر سوالات کھڑے کر دیے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US