راولپنڈی میں ای چالان سسٹم کا آغاز، ہزاروں کیمروں کی نگرانی میں ٹریفک قوانین لاگو

image

راولپنڈی میں سیف سٹی منصوبے کے تحت ای چالان سسٹم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے جس کے بعد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر خودکار چالان جاری کیے جائیں گے۔

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کے مطابق ای چالان ہیلمٹ نہ پہننے، سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنے، سگنل توڑنے اور دیگر خلاف ورزیوں پر جاری کیا جائے گا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جدید سسٹم کے تحت چالان کی تصاویر اور خلاف ورزی کا کوڈ مالک کے گھر کے پتے پر بذریعہ ڈاک بھجوایا جائے گا۔ اس سسٹم کے ذریعے شفافیت، غلط بیانی کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد ممکن ہو سکے گا۔

سیف سٹی منصوبے کے مکمل فعال ہونے کے بعد راولپنڈی شہر میں 359 مقامات پر 2000 سے زائد جدید کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں، جو چوبیس گھنٹے نگرانی کر رہے ہیں۔ ان کیمروں کے ذریعے نہ صرف ٹریفک کی صورتحال پر نظر رکھی جائے گی بلکہ قانون شکن عناصر کی شناخت بھی فوری ممکن ہو سکے گی۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہری قوانین کی پابندی کریں، تاکہ نہ صرف حادثات میں کمی آئے بلکہ شہر میں جدید ٹریفک مینجمنٹ کا نظام مؤثر طور پر کام کر سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US