وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی سہولت اور گڈ گورننس کے لیے بڑے فیصلے

image

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں گڈ گورننس، عوامی سہولت اور انتظامی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلوں کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ناقص کارکردگی اور عوامی مشکلات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے معیاری کام نہ کرنے والے ستھرا پنجاب کنٹریکٹرز کی ادائیگیاں فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام کام کا معیار سختی سے چیک کیا جائے۔

پنجاب بھر میں ٹریفک میں خلل ڈالنے والی ریڑھیاں اور تجاوزات فوراً ہٹانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت مل سکے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ سرکاری ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ فوری اور سخت کارروائی کے ساتھ ذمہ داران کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلیٰ نے بازاروں میں موجود خطرناک اور لٹکتے ہوئے بجلی کے تاروں کو ہنگامی بنیادوں پر درست کروانے کا حکم دیا اور متعلقہ بجلی کمپنیوں کو سخت ہدایات جاری کر دیں۔

صوبے کے ہر شہر میں سڑکوں پر لین مارکنگ کا عمل جلد مکمل کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔

گڈ گورننس کے لیے تمام ڈپٹی کمشنرز کو فوری طور پر خصوصی ویجیلینس ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے جو انتظامی معاملات کی نگرانی کریں گی۔

پانی کے بہتر استعمال کے لیے وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ مساجد کے وضوخانے کا پانی شجرکاری اور باغبانی کے لیے استعمال کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

تقریبات میں فضول خرچی روکنے کے لیے وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ شادیاں رات 10 بجے تک ختم کی جائیں اور ون ڈش پالیسی پر سختی سے عمل کرایا جائے۔

مسلسل غیر معیاری کارکردگی دکھانے والے ضلعی سربراہان کو سخت وارننگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ دو وارننگز کے بعد تیسری وارننگ پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو فوراً ہٹا دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ عوامی مفاد اولین ترجیح ہے اور صوبے میں اصلاحات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US