فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کسٹمز وِنگ نے بلوچستان میں افغان اشیاء کی ممکنہ اسمگلنگ کے خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف کلکٹر آف کسٹمز اپریزمنٹ بلوچستان کوئٹہ کو باضابطہ مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے۔
نئی ہدایات کے مطابق افغانستان کے ساتھ سرحدیں بند ہونے کے بعد کسی بھی غیر مجاز راستے سے سامان کی ترسیل کو سختی سے روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ایسے عناصر کی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھی جائے جو بند بارڈر کا فائدہ اٹھا کر غیر قانونی طور پر افغان اشیاء پاکستان لانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
مراسلے میں تمام کسٹمز فارمیشنز کو فوری طور پر متحرک کرنے، مشکوک نقل و حرکت کی کڑی نگرانی، اور کسی بھی غیر قانونی ٹرانسپورٹ یا اسمگلنگ کی کوشش کو فوری کارروائی کے ذریعے ناکام بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایف بی آر نے خبردار کیا ہے کہ اسمگلنگ کے خلاف مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور صوبے میں بڑھتے ہوئے اسمگلنگ کے رجحان کو کنٹرول کرنے کیلیے زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔