زیارت میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 5 دہشت گرد گرفتار

image

زیارت میں ضلعی انتظامیہ اور لیویز فورس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا جن کا تعلق قندہار، افغانستان سے بتایا جاتا ہے۔ ملزمان کو سپیرا رغہ لیویز چیک پوسٹ سے حراست میں لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر زیارت کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد اور مواصلاتی آلات برآمد ہوئے جن میں 11 ہینڈ گرینیڈ، 3 ایس ایم جیز، 2 ایم فور رائفلز (پارٹس کی صورت میں)، ایک گرینیڈ لانچر، 9 ایم فور میگزینز، 14 ایس ایم جی میگزینز، 420 ایس ایم جی راؤنڈز، 230 ایم فور راؤنڈز، ایک کلو بارودی مواد، 6 وائرلیس سیٹس، 4 موبائل فونز، 2 آر پی جیز، ایک ڈگر، 13 ایمونیشن بیگز، 16 پاور سیلز، 15 ایس ایم جی گرینیڈز، ایک سوزوکی کیری وین، ایک موٹر سائیکل اور کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا لٹریچر شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کامیاب کارروائی پر ڈپٹی کمشنر زیارت، لیویز فورس اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائیاں عوام کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایسے آپریشنز امن دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کا ذریعہ ہیں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام وسائل استعمال کرتی رہے گی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل طور پر پشت پر کھڑی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US