آرمی چیف سے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

image

سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الروایلی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دفاعی اور عسکری تعاون، خطے کی سیکیورٹی صورتِ حال اور پاک۔سعودی اسٹریٹیجک ملٹری پارٹنرشپ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں عسکری سربراہان نے اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے، مشترکہ مشقوں، دفاعی تربیت، انٹیلیجنس روابط اور انسدادِ دہشت گردی اقدامات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تاریخی و برادرانہ عسکری تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر شعبے میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ ملاقات میں خطے میں امن و استحکام اور دوطرفہ اسٹریٹجک مفادات پر بھی گفتگو کی گئی۔

جنرل فیاض بن حمید الروایلی نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے عسکری تربیت، مشقوں اور سیکیورٹی معاونت سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ سعودی عرب پاک فوج کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیتا رہے گا۔

جی ایچ کیو آمد پر سعودی معزز مہمان کے اعزاز میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعدازاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US