بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک

image

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ فتنۃ الخوارج کے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 24 نومبر کو دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 22 خوارج مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی روپوش دہشتگرد کو گرفتار یا ٹھکانے لگایا جا سکے۔فوج کے ترجمان کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت فیڈرل ایپکس کمیٹی کے وژن عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشتگردی آپریشن پوری رفتار سے جاری ہے اور بیرونی سرپرستی یافتہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی پشت پناہی میں سرگرم خوارج کا قلع قمع ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہدا اور غازیوں کو قوم کا فخر قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کامیاب کارروائی پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 22 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنا فورسز کی اہم کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں فتنۃ الہندوستان کے خاتمے کے لیے جاری کارروائیاں قابلِ تعریف ہیں اور دشمن و اس کے سہولت کاروں کو کہیں بھی چھپنے نہیں دیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US