پشاور میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں۔ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی چیکنگ اسکواڈ تعینات کر دیے گئے ہیں جہاں شہریوں اور گاڑیوں کی تفصیلی تلاشی لی جا رہی ہے۔ مشکوک افراد اور گاڑیوں کی فوری رپورٹنگ کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔
اسی طرح ریلوے اسٹیشن، بس اڈوں اور ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ مسافروں کے سامان کی اسکیننگ، ویری فیکیشن اور انٹری پوائنٹس پر جدید آلات کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہروں میں سرویلنس سسٹم مزید فعال کر دیا ہے جب کہ حساس مقامات کے اطراف میں ڈولفن فورس، رینجرز اور پولیس کی گشت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں کومبنگ آپریشن جاری ہے جس کے دوران مشکوک علاقوں، ہوٹلوں، سرائے اور کرائے کے گھروں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوراً ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہائی الرٹ کا مقصد شہریوں کی حفاظت ہے اور تمام ادارے صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔