پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلز پارٹی خواتین کے خلاف ہر قسم کے تشدد، بشمول جسمانی، نفسیاتی، سماجی، معاشی اور ڈیجیٹل تشدد، کی سخت مذمت کرتی ہے اور اس کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب تک خواتین امتیاز اور تشدد کا سامنا کرتی رہیں گی کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین پر تشدد صرف فرد نہیں بلکہ ایک خاندان کی روح کو زخمی کرتا ہے اور قوم کے مستقبل کو کمزور بناتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کارکنوں و اداروں کی تعریف کی جو خواتین کے تحفظ اور بااختیار بنانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو بھی یاد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے انقلابی اقدامات کے ذریعے ان کا وژن آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے تمام شہریوں، ریاستی اداروں اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ خواتین کے تحفظ، فوری انصاف اور مددگار سہولتوں کو یقینی بنانے کے لیے متحد ہوں اور کہا کہ آئیے آج اِس دن کو صرف الفاظ سے نہیں بلکہ عمل سے منائیں اور ایک ایسا پاکستان بنائیں جہاں ہر عورت وقار، آزادی اور تحفظ کے ساتھ جی سکے۔