وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کی سڑکوں کی مرمت اور تعمیر کے لیے 25 ارب روپے کی منظوری دے دی۔
یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیر بلدیات سید ناصر شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ آغا واصف، سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو خالد حیدر شاہ اور دیگر اہم افسران نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس کے دوران کہا کہ شہر کی 315 اندرونی سڑکوں اور گلیوں کے ساتھ ساتھ 60 بڑی سڑکوں کی تعمیر نو کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ انہوں نے شہریوں کو خستہ حال انفرا اسٹرکچر اور ٹریفک جام سے نجات دلانے کے لیے کہا کہ کام فوری آغاز کے ساتھ مکمل کیا جائے۔
مراد علی شاہ نے زور دیا کہ فنڈز رکاوٹ نہیں بلکہ کام کی رفتار اور فوری آغاز اہم ہے تاکہ کراچی کے شہریوں کو بہتر سڑکوں اور سہولتوں کی جلد فراہمی ممکن ہو سکے۔