فیض حمید کے خلاف کورٹ مارشل پر قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، ڈی جی آئی ایس پی آر

image

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے افغانستان میں گزشتہ شب کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور پاکستان جب بھی کوئی کارروائی کرتا ہے تو اس کا باقاعدہ اعلان کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے سینئر صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کبھی سویلین پر حملہ نہیں کرتا ہم ایک ریاست ہیں اور ریاستی ذمہ داری کے تحت ہی ردِعمل دیتے ہیں۔ خون اور تجارت ایک ساتھ نہیں چل سکتی یہ نہیں ہوسکتا کہ دہشت گرد ہم پر حملے کریں اور ہم تجارت جاری رکھیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی نظر میں کوئی گڈ طالبان اور بیڈ طالبان نہیں تمام دہشت گرد ایک جیسے ہیں اور ان کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جا رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان حکومت کو چاہیے کہ وہ ریاست کی طرح فیصلے کرے، نان اسٹیٹ ایکٹرز کی طرح نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ افغان طالبان کب تک خود کو عبوری حکومت کہیں گے؟

انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے دہشت گردی کی معاونت پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ہے اور پاک افغان بارڈر پر سیاسی جرائم اور اسمگلنگ کے گٹھ جوڑ کو توڑنا بہت ضروری ہے۔ترجمان کے مطابق 2021 سے 2025 تک پاکستان نے افغان حکومت کو بار بار دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے لیے انگیج کیا لیکن مؤثر نتائج سامنے نہیں آئے۔

احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ 4 نومبر کے بعد سے اب تک 206 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مجموعی طور پر 4 ہزار 910 آپریشن کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والے تمام خودکش حملہ آور افغان شہری تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ رواں سال 67 ہزار آپریشنز کیے گئےان آپریشنز میں 607 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گرد امریکی اسلحہ استعمال کر رہے ہیں جسے امریکا افغانستان میں چھوڑ کر گیا تھا۔ دہشت گردی کے 29 واقعات میں امریکی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف کورٹ مارشل قانونی اور عدالتی عمل ہے اس پر کسی قسم کی قیاس آرائی نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی عدالتی عمل مکمل ہوگا اور کوئی فیصلہ سامنے آئے گا اسے عوام کے ساتھ فوراً شیئر کیا جائے گا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ریاست اور عوام نے مل کر لڑنی ہے اور پاکستان یہ جنگ ضرور جیتے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US