قومی سلامتی، قومی وحدت اور ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، فیلڈ مارشل

image

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کا تحفظ، قومی سالمیت اور ہر پاکستانی شہری کی حفاظت پاک فوج کی اولین ترجیح ہے، اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی، معلوماتی جنگ اور پیچیدہ جیوپولیٹیکل چیلنجز کے باوجود مسلح افواج، انٹیلی جنس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پوری طرح پُرعزم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے فلیگ شپ پروگرام 27 ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے جنرل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں ملکی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال، سرحدی انتظام، منشیات اور اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف جاری کارروائیوں اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

شرکا نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے خصوصی نشست میں تبادلہ خیال کیا، جس دوران فیلڈ مارشل نے خطے کے بدلتے سیکیورٹی ماحول، بڑھتی جیوپولیٹیکل کشمکش، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ جنگ کے چیلنجز پر روشنی ڈالی۔

فیلڈ مارشل نے ملک کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مشترکہ قومی کاوشیں ہی دیرپا امن اور ترقی کی ضمانت ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US