پی ٹی آئی کی بیرون ملک قیادت وطن سے غداری کررہی ہے، وزیر دفاع

image

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں پاکستان تحریک انصاف کی بیرونِ ملک قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں ”بھگوڑا“ قرار دیا اور الزام لگایا کہ وہ پہلے پاکستان کو لوٹتے رہے اور اب بیرونِ ملک پاکستانیوں سے رقم اکٹھی کر کے پر تعیش زندگی گزار رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما یورپ میں پاکستان کے لیے اہم تجارتی رعایت GSP+ کے خلاف مہم چلا کر ملک دشمنی کا ارتکاب کر رہے ہیں۔ انہوں نے چیلنج دیا کہ اگر ہمت ہے تو پاکستان آ کر سیاسی جنگ لڑیں، بیرونِ ملک سے ملکی مفادات کو نقصان نہ پہنچائیں۔

وزیر دفاع نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید اور نواز شریف دونوں نے سیاسی جدوجہد میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، ان کے خاندان گرفتار ہوئے، آمریت نے ان پر ظلم ڈھایا، مگر کبھی کسی نے وطن عزیز کے مفادات کو نشانہ نہیں بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’سیاسی لڑائی ہمیشہ پاکستان کی سرزمین پر لڑی گئی اور اس کی قیمت بھی چکائی گئی، مگر ملک کے خلاف مہم کسی نے نہیں چلائی۔‘‘

خواجہ آصف کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت نے اقتدار سے محرومی کے بعد پہلے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر پاکستان کو معاشی بحران کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی، اور اب پاکستان کی ایکسپورٹ کو نقصان پہنچانے کے لیے بیرونِ ملک لابنگ کر رہی ہے، جو دشمن ملک بھی کرے تو سمجھ آتی ہے مگر خود کو پاکستانی کہنے والے کریں تو یہ ’’ننگِ وطن‘‘ اور ’’غداری‘‘ کے مترادف ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US