راولپنڈی میں ای چالان سسٹم کا باقاعدہ آغاز، 600 سے زائد چالان جاری

image

راولپنڈی میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو مؤثر بنانے کے لیے ای چالان سسٹم کا باقاعدہ طور پر نفاذ کر دیا گیا ہے۔

ایس پی سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول رانا عبدالوہاب کے مطابق 360 مختلف مقامات پر نصب 2100 جدید کیمروں کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ اب تک 600 سے زائد ای چالان جاری کیے جا چکے ہیں۔

سیف سٹی آفس میں ماہر آئی ٹی اہلکاروں کی مدد سے 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے۔ رانا عبدالوہاب نے بتایا کہ کیمرے 19 سے زائد خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرسکیں گے جن میں کالے شیشے، لین کی خلاف ورزی، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سمیت دیگر خلاف ورزیاں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ای چالان ثبوتوں کے ساتھ گاڑی کے مالک کے نام جاری کیا جاتا ہے اور ادائیگی کے لیے 10 دن کا وقت دیا جائے گا۔ جعلی نمبر پلیٹ استعمال کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔

سیف سٹی کیمروں کو نہ صرف ٹریفک نگرانی بلکہ کرائم کی نشاندہی اور شہر کی مجموعی سیکیورٹی کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ پنجاب کے 41 منصوبوں کو بھی اس سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسموگ پیدا کرنے والی گاڑیوں اور ایئر کوالٹی انڈیکس کی مانیٹرنگ کا عمل بھی انہی کیمروں کے ذریعے جاری ہے۔

کچہری چوک منصوبے کے تحت ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے شہریوں کو قوانین کی سختی سے پاسداری کی ہدایت کی گئی ہے۔ رانا عبدالوہاب کے مطابق 22 نومبر سے سسٹم مکمل طور پر فعال ہوچکا ہے اور آئندہ مزید مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US