حکومت کا موٹاپے سے نمٹنے کے لیے انوکھا فیصلہ۔۔۔جانیے کون سی مشروبات پر ٹیکس لگیں گے؟

image

برطانیہ میں حکومت نے ملک شیک، پیکڈ ملک اور مختلف سافٹ ڈرنکس پر نیا شوگر ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ شہریوں، خاص طور پر بچوں میں موٹاپے کی شرح کو کم کیا جا سکے۔

نئے قانون کے تحت مشروبات میں چینی کی موجودہ حد 100 ملی لیٹر میں 5 گرام سے کم کر کے 4.5 گرام مقرر کر دی گئی ہے۔ اس حد سے زیادہ چینی رکھنے والے تمام پیکڈ ڈرنکس اور ملک شیک پر شوگر ٹیکس لاگو ہوگا۔

برطانوی وزیرِ صحت ویس اسٹریٹنگ نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ مٹاپا بچوں کو صحت مند زندگی کے آغاز سے محروم کرتا ہے اور غریب طبقہ اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹاپے سے متاثرہ افراد زندگی بھر مختلف بیماریوں کا شکار رہتے ہیں، اور ان کے علاج پر حکومت کو اربوں پاؤنڈ خرچ کرنا پڑتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیفے اور بازار میں ملنے والے اوپن کپ ڈرنکس پر یہ ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔

اس نئے اقدام کے تحت 2018 میں نافذ شدہ شوگر ٹیکس کو دودھ پر مبنی مصنوعات تک بھی بڑھایا جا رہا ہے جس کا اطلاق ملک شیک، لاتے، ہائی پروٹین شیک، اور سویا، اوٹ یا بادام کے دودھ پر بھی ہوگا۔ دودھ میں قدرتی چینی (لیکٹوز) کو ٹیکس میں شامل نہیں کیا جائے گا جبکہ فروٹ جوس اس سے مستثنیٰ رہے گا۔

یہ ٹیکس یکم جنوری 2028 سے نافذ العمل ہوگا اور اس کے ذریعے حکومت کا مقصد بچوں میں موٹاپے پر قابو پانا اور شہری صحت کو بہتر بنانا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US