الخدمت فاؤنڈیشن 3 دسمبر کو عالمی والنٹیئرز ڈے منائے گی

image

الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب کے زیر اہتمام تین دسمبر کو پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر اسلام آباد میں عالمی والنٹیئرز ڈے منایا جائے گا۔

راولپنڈی اسلام آباد سے پانچ ہزار رجسٹرڈ والنٹیئرز تقریب میں شرکت کریں گے، تقریب کے دوران پینل ڈسکشن، ورکشاپ، کیمونٹی سروس پراجیکٹ کے کامیاب شرکاء میں ایوارڈ تقسیم کیے جائیں گے۔

انٹرنیشنل والنٹیئرز ڈے کی مناسبت سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب کے صدر رضوان احمد کا کہنا تھا کہ تین دسمبر کو انٹرنیشنل والنٹیئرز ڈے منایا جارہا ہے، الخدمت فاؤنڈیشن زیر اہتمام پاک چائنہ سنٹر میں رضا کاروں کا عالمی دن منایا جائے گا پاکستان میں اس وقت ہمارے 70 ہزار سے زائد رجسٹرڈ رضاکار موجود ہیں جنہیں مختلف اسکلڈ کے مطابق تربیت فراہم کی گئی ہے۔

افغانستان یا ترکی میں زلزلہ ہو یا غزہ کے لیے امدادی پروگرام، ہمارے رضاکاروں نے خدمت کے حوالے سے دنیا بھر میں ایک مستند پہچان بنائی ہے، غزہ میں اب تک 15 کروڑ روپے کا امدادی سامان پہنچا چکے ہیں، ساڑھے تین سو سے زائد فلسطینی طلباء پاکستان کی بہترین تعلیمی درسگاہوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ان میں 190 میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم ہیں۔

رضوان احمد نے کہا کہ ہم خدمت اور خوشیاں دینے کے جذبے سے کام کررہے ہیں، ہمارا ایمان ہے کہ ایک نیکی کے بدلے دس گنا زائد ملے گا، نوجوانوں اور خواتین کو آئی ٹی کے میدان میں آگے لانا ہوگا، خواتین کو اِن پاور کرنے کے لیے یوتھ کو ایک رائٹ ڈائریکشن کی جانب لے جانا چاہتے ہیں۔

رضوان احمد نے کہا کہ میڈیا کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں، میڈیا ہمارا ساتھ دے اور اس عالمی دن کی کوریج میں اپنا کردار ادا کرے، آپ کی موجودگی ہمیں طاقت اور حوصلہ فراہم کرتی ہے، ہم نے بغیر مسلک جانے ہر انسان کی خدمت کرنی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ والنٹیرز کو اکٹھا کرکے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے، ہم یوتھ کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہترین نوجوان دیے ہیں، یوتھ کو بااختیار بنانے کے لیے ہمارا "بنو قابل پروگرام" 20 لاکھ تک پہنچ گیا، لاہور کے اجتماع میں لاکھوں کی تعداد میں یوتھ نے شرکت کی، پاکستان سے مایوسیوں کو ختم کرنے کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، جو بھی والنٹیئر آنا چاہیں وہ آن لائن ہمارے اس کارخیر میں شریک ہوسکتا ہے، ابھی تک ملک بھر سے 70 ہزار والنٹیئر نے اپنی رجسٹریشن کروا رکھی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US