راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو مختصر عدالتی تحویل میں لینے کے بعد 10،10 لاکھ روپے کے دو مچلکوں پر رہا کردیا۔
عدالت میں 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران علیمہ خان نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں اس لیے انہیں جانے کی اجازت دی جائے۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ قانون کے تحت ملزمہ عدالتی تحویل میں ہیں اور اجازت کے بغیر نہیں جا سکتیں۔
علیمہ خان جب عدالت سے باہر نکلیں تو خواتین پولیس اہلکاروں نے انہیں دوبارہ تحویل میں لے کر کمرہ عدالت پہنچا دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ علیمہ خان سماعت مکمل ہونے تک عدالت میں ہی موجود رہیں۔ دورانِ سماعت گواہوں کے بیانات میں مبینہ رکاوٹ پر عدالت نے ان پر 10 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا۔
بعد ازاں علیمہ خان نے ضمانتی مچلکے جمع کرا دیے جس کے بعد عدالت نے انہیں جانے کی اجازت دے دی۔ کیس کی مزید سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔