شادی میں غباروں سے آگ کیسے لگی؟ دلہا دلہن زخمی ! ہولناک ویڈیو سامنے آگئی

image

بھارت میں شادی کی ایک تقریب میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب دلہن کی رومانوی انٹری کو یادگار بنانے کے لیے استعمال کیے گئے گیس کے غبارے اچانک ایک زور دار دھماکے سے پھٹ گئے۔ یہ المناک واقعہ ہلدی کی تقریب کے دوران پیش آیا، جس کے نتیجے میں دلہا اور دلہن دونوں زخمی ہو گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہا اور دلہن مسکراتے ہوئے پنڈال میں داخل ہو رہے ہیں اور انہوں نے ہائیڈروجن سے بھرے غباروں کا ایک بڑا گچھا تھام رکھا ہے۔ دوست اور گھر والے بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ تاہم، چند ہی لمحوں بعد، یہ غبارے دھماکے سے پھٹتے ہیں اور آگ کے شعلوں نے فوری طور پر جوڑے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مہمان چیختے ہوئے نظر آئے اور سب افراتفری میں اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگ نکلے۔

اس خوفناک واقعے کے بعد ویڈیو کو بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا اور صارفین نے تقریبات میں ہائیڈروجن گیس کے غباروں کے استعمال پر شدید تنقید کی ہے۔ ہائیڈروجن ایک آتش گیر گیس ہے اور اس کا استعمال انتہائی غیر محفوظ سمجھا جاتا ہے۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ "عقل استعمال کیے بغیر صرف رجحانات کی تقلید کرنا بہت خطرناک ہو سکتا ہے۔ وائرل نظر آنے کی خواہش میں حفاظت کو کبھی بھی پس پشت نہیں ڈالنا چاہیے۔" دیگر صارفین نے زخمی جوڑے کے لیے جلد صحت یابی کی دعائیں کیں اور ان کے لیے حقیقی خوشی کی خواہش ظاہر کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US