خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے بونیر کے سیلاب متاثرین کو دیے گئے چیکس فنڈز کے عدم فراہمی کی وجہ سے تاحال کلیئر نہ ہوسکے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے دیئے گئے ہزاروں چیک میں 750 امدادی چیکس اب تک کلیئر نہ ہوسکے، سیلاب متاثرہ افراد کو دیے گئے ایک ارب روپے مالیت کے تمام چیکس کیش کرانے کے لیے ریلیف اکاؤنٹس میں بیلنس ہی نہیں ہے، جس کی وجہ سے متاثرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
متاثرین کے مطابق حکومت نے چیکس تو دے دیے، تاہم اکاؤنٹ میں رقم جمع کرانا بھول گئی ہے، تاحال کلیئر نہ ہونے والے چیکس میں 40 ڈیتھ کیسز اور 20 انجرڈ کیسز کے امدادی چیکس شامل ہیں۔
مجموعی طور پر 750 چیکس رکھنے والے متاثرین میں شدید غم و غصہ پھیل گیا ہے۔
اے ڈی سی ریلیف بونیر کے مطابق سیلاب متاثرین کو دیے گئے چیکس پر اب تک 1 ارب 25 کروڑ کی رقم بینک سے نکلوائی جاچکی ہے، صوبائی حکومت مزید فنڈز ریلیز کرے گا تو باقی چیکس بھی کلیئر ہوجائیں گے، صوبائی کابینہ میں فنڈز پر بات ہوچکی ہے، ریلیز ہوتے ہی ادائیگیاں مکمل کردی جائیں گی۔