ہانگ کانگ کی بلند عمارتوں میں آگ نے تباہی مچادی… آخر شعلے چار بلاکس تک کیسے پھیل گئے؟

image

ہانگ کانگ کے علاقے تائی پو میں ایک رہائشی عمارت میں لگنے والی خوفناک آگ نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں ایک فائر فائٹر سمیت 4 افراد جاں بحق اور کم از کم 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ شعلے کئی بلاکس تک پھیل گئے اور متعدد رہائشی عمارتوں میں لوگ پھنس گئے۔

واقعہ وانگ فک کورٹ کے رہائشی کمپلیکس میں رونما ہوا جہاں سے اٹھنے والا سیاہ دھواں پورے علاقے میں پھیل گیا۔ آگ نے کم از کم چار عمارتوں تک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق انہیں متعدد کالز موصول ہوئیں جن میں لوگوں کے پھنسنے کی اطلاع دی گئی جبکہ ایک مرد اور ایک خاتون بے ہوشی کی حالت میں جھلسے ہوئے پائے گئے۔

آگ کو ابتدا میں لیول 1 قرار دیا گیا تھا لیکن کچھ ہی دیر میں اسے بڑھا کر لیول 4 کردیا گیا اور پھر شام 6:22 بجے اسے انتہائی خطرناک لیول 5 درجے میں شامل کردیا گیا۔ ہانگ کانگ میں آگ کی درجہ بندی 1 سے 5 تک ہوتی ہے، اور لیول 5 سب سے شدید نوعیت کی ہنگامی صورتحال قرار دی جاتی ہے۔ آخری مرتبہ 2008 میں کارن وال کورٹ کی آتشزدگی کو لیول 5 قرار دیا گیا تھا جس میں 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق کئی فلیٹس کے باہر لگی بانس کی اسکیفولڈنگ شعلوں میں گھری ہوئی تھی اور جلتی ہوئی جالی نیچے گر رہی تھی۔آگ کے باعث علاقے کی مصروف شاہراہ تائی پو روڈ کو بند کردیا گیا جس کے باعث ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا گیا۔

وانگ فک کورٹ آٹھ بلاکس پر مشتمل رہائشی کمپلیکس ہے جس میں تقریباً 2 ہزار فلیٹس ہیں۔ حکام کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کتنے لوگ اب بھی اندر پھنسے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں تعمیرات میں بانس کی اسکیفولڈنگ عام استعمال ہوتی ہے تاہم حکومت نے حال ہی میں حفاظتی خدشات کے باعث سرکاری منصوبوں میں اس کا استعمال مرحلہ وار ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US