اسرائیل کے فوجی افسران اب اینڈرائیڈ فون استعمال نہیں کرسکیں گے

image

اسرائیلی فوج نے اعلیٰ افسران کے اینڈرائیڈ فونز استعمال پر پابندی عائد کردی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق نئے حکم نامے کے تحت لیفٹیننٹ کرنل کے رینک اور اس سے اوپر کے تمام کمانڈرز کو سرکاری رابطوں کے لیے صرف ایپل کے آئی فون استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد اعلیٰ افسران کے موبائل فونز میں ممکنہ ہیکنگ یا دراندازی کے خطرات کو کم کرنا ہے۔ نئی ہدایات کا مقصد یہ ہے کہ اعلیٰ سطح پر تمام سرکاری موبائل فونز کا آپریٹنگ سسٹم یکساں رکھا جائے تاکہ سیکیورٹی کنٹرولز، اپ ڈیٹس اور نگرانی آسان ہوسکے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی حکام پہلے ہی فوجیوں کو ہیکنگ کے خطرات سے خبردار کرتے رہے ہیں، ماضی میں اسرائیلی فوج نے بتایا تھا کہ حماس نے غزہ سرحد پر تعینات فوجیوں سے معلومات حاصل کرنے کے لیے واٹس ایپ کو استعمال کیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے اپنے افسران کے زیر استعمال چینی ساختہ گاڑیاں واپس لینے کا عمل شروع کیا تھا۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اقدام چیف آف اسٹاف کے براہ راست حکم پر کیا گیا تھا اور اس کی بنیاد یہ خدشہ تھا کہ چینی گاڑیاں حساس معلومات کے لیک ہونے یا جاسوسی کے لیے استعمال جاسکتی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی سیکیورٹی ایجنسیوں نے جائزہ رپورٹ میں کہا تھا کہ کچھ چینی گاڑیوں کے آن بورڈ سسٹمز کے ذریعے حساس ڈیٹا بیرونی سرورز کو منتقل ہوسکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US