امریکا کی متعدد ریاستیں شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں، ہزاروں پروازیں منسوخ

image

امریکا کی کئی ریاستیں شدید برفانی طوفان کی زد میں آ گئیں جس کے نتیجے میں عمارتیں، مکانات اور سڑکیں دو فٹ یا اس سے زائد برف سے ڈھک گئی ہیں۔ نیو یارک، الینوائے اور مشی گن سمیت دیگر ریاستوں میں ہر طرف سفیدی چھا گئی ہے جبکہ الاسکا میں شدید برفباری کے بعد درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق شکاگو میں نومبر میں سب سے زیادہ برف پڑنے کا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے جہاں شکاگو ائیرپورٹ پر 8.4 انچ برف پڑ چکی ہے جس کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار رہیں۔ ملک بھر میں ہزاروں پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔

امریکی محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ دنوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں بارش، یخ بستہ ہوائیں اور برفباری سے سردی میں اضافہ ہوگا۔ کینساس، نیبرسکا، مشرقی ساحل کی ریاستیں، پینسلوینیا اور نیوجرسی میں بھی برفانی طوفان کی شدت بڑھنے کا امکان ہے، جہاں 6 انچ یا اس سے زائد برف پڑنے کی توقع ہے۔

میسوری میں سڑکیں برف سے ڈھک گئی ہیں، آئیووا، کنساس اور انڈیانا ہائی ویز پر متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی ہیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ مشی گن میں تین روز سے جاری برفباری نے نظام زندگی کو تقریباً معطل کر دیا ہے۔

ادھر برطانیہ میں بھی آئندہ ہفتے شدید برفباری کی وارننگ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق 9 اور 10 دسمبر کو انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں برفباری کا امکان ہے۔ کینیڈا سے آنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے امریکا کی کئی ریاستوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے اور مڈ ویسٹ کی ریاستوں میں سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US