وفاقی حکومت نے آج سے پیٹرول اور ڈیزل پر عائد پٹرولیم لیوی کی شرح میں ردوبدل کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول پر لیوی کم جبکہ ڈیزل پر اضافہ کر دیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق پیٹرول پر لیوی میں 9 روپے 84 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول پر لیوی 116 روپے 08 پیسے سے کم ہو کر 106 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 8 روپے 67 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 44 روپے 59 پیسے سے بڑھ کر 53 روپے 26 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق مٹی کے تیل پر عائد لیوی کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ بدستور 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
حکومتی فیصلے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس اور لیوی کے ڈھانچے میں تبدیلی کے اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں اس کے صارفین اور مختلف شعبوں پر ممکنہ اثرات بھی سامنے آئیں گے۔