احتساب عدالت نے کوہستان کرپشن اسکینڈل میں گرفتار ملزم خالد احمد کو مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ نیب کے حوالے کردیا۔ ملزم کو جج ظفر خان کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں نیب نے تفتیش کے لیے مزید ریمانڈ کی استدعا کی۔
نیب کے مطابق خالد احمد نجی بینک کے داسو برانچ میں کیشیئر تھا اور اس نے جعلی کنسٹرکشن کمپنی قائم کر رکھی تھی، جس کے ذریعے اس کے اکاؤنٹ میں 7 کروڑ روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز ہوئیں۔ تفتیشی افسر ایس پی عنایت اللہ خان نے عدالت کو بتایا کہ ملزم دشمنی کے باعث روپوش ہوگیا تھا اور سوات کے ایک کرائے کے مکان میں رہائش پذیر پایا گیا۔
نیب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کے ایک اور بینک اکاؤنٹ سے کرپشن کی مزید رقم برآمد کرلی گئی ہے جبکہ اس کے دیگر اثاثوں کا سراغ بھی لگا لیا گیا ہے جس کی بنیاد پر تفتیش مکمل کرنے کیلیے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ 6 نومبر 2025 کو اسی کیس میں آٹھ ملزمان کو 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا اور اب تک اس میگا کرپشن کیس میں 36 افراد گرفتار ہوچکے ہیں۔