سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کا پہلی بار شیئر ہولڈرز کے لیے عبوری منافع کا اعلان

image

سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ STDC نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ رجسٹرڈ شیئر ہولڈرز کے لیے عبوری منافع کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق فی شیئر 3 روپے 27 پیسے ادا کیے جائیں گے۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 38 ویں اجلاس میں منظور ہونے والا یہ فیصلہ صوبے کے پاور سیکٹر میں مالی استحکام اور بہتر گورننس کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ بورڈ کا اجلاس چیئرپرسن رفعت سلطانہ کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں سیکریٹری انرجی شہاب قمر انصاری اور دیگر نے شرکت کی جس میں کمپنی کی تین سالہ مالی منصوبہ بندی، کیش فلو پوزیشن، نیپرا ٹیرِف گائیڈ لائنز اور ریٹرن آن ایکویٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد بورڈ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ STDC نہ صرف مضبوط مالی بنیاد رکھتی ہے بلکہ اس کی آپریشنل کارکردگی بھی معیاری اور مستحکم ہے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ موجودہ مالی سال میں کمپنی کے کیش فلو میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے، جس سے نہ صرف عبوری منافع کی ادائیگی ممکن ہوئی بلکہ مستقبل کے آپریشنل اور توسیعی منصوبوں کے لیے بھی مضبوط بنیاد فراہم ہوئی ہے۔ اس وقت STDC 132 کلو وولٹ ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے 95 کلومیٹر طویل نیٹ ورک پر نورآباد پاور کمپنی کے 100 میگاواٹ منصوبے سے K-Electric کے KDA اسکیم 33 گرڈ اسٹیشن تک بجلی کی ترسیل کر رہی ہے، جو کمپنی کی تکنیکی مہارت اور سندھ کے ٹرانسمیشن نیٹ ورک میں بہتری کا واضح ثبوت ہے۔

بورڈ نے مینجمنٹ اور STDC کے سی ای او سلیم شیخ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے مؤثر حکمتِ عملی، شفاف پالیسیوں اور پیشہ ورانہ قیادت کے ذریعے پاور سیکٹر میں ایک مضبوط مثال قائم کی ہے۔

اجلاس میں منافع پالیسی کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی، جس کے تحت مستقبل میں منافع کی تقسیم ریگولیٹری، مالیاتی اور کارپوریٹ گورننس کے تقاضوں کے مطابق کی جائے گی، جبکہ مینجمنٹ کو ہدایت کی گئی کہ کمپنیز ایکٹ 2017 کے مطابق منافع کی بروقت ادائیگی اور تمام قانونی تقاضوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

بورڈ نے اس پیش رفت کو سندھ میں پاور سیکٹر کے لیے مثبت سگنل قرار دیتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا کہ STDC آئندہ برسوں میں بھی ٹرانسمیشن سیکٹر میں شفافیت، تکنیکی اپ گریڈیشن اور اصلاحات کے عمل کو مزید آگے بڑھائے گی، جس سے صنعتی، تجارتی اور گھریلو صارفین کے لیے بہتر اور مستحکم بجلی کی فراہمی ممکن ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US