امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ منشیات کے اسمگلروں کے خلاف بہت جلد زمینی حملوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق امریکی صدر نے کابینہ اجلاس کے دوران کہا کہ ان کی انتظامیہ لاطینی امریکا سے زمینی راستوں سے امریکا کا رخ کرنے والے منشیات کے اسمگلروں پر بہت جلد حملے کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم زمین پر بھی حملے شروع کرنے جا رہے ہیں، آپ جانتے ہیں، زمین بہت آسان ہے اور ہم ان کے راستے جانتے ہیں۔ ہم ان کے بارے میں سب کچھ جانتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ وہ کہاں رہتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ برے لوگ کہاں رہتے ہیں اور ہم حملے بہت جلد شروع کرنے والے ہیں، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ زمینی حملے کب اور کہاں ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی انتظامیہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر منشیات کے کارٹلز کے ساتھ گٹھ جوڑ کا الزام عائد کرتی ہے جبکہ وینزویلا کے صدر نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ضروری نہیں کہ زمینی حملے صرف وینزویلا تک ہی محدود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک جہاں غیر قانونی منشیات کی پیداوار یا اسمگلنگ کی جاتی ہے امریکی حملے کا نشانہ بن سکتا ہے اور اس حوالے سے انہوں نے وینزویلا کے پڑوسی ملک کولمبیا کا ذکر کیا جس پر امریکا پہلے ہی منشیات کی تجارت پر قابو پانے میں ناکامی کا الزام عائد کر چکا ہے۔