ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پنیالہ میں پولیس موبائل کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ شہدا میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شامل ہیں، جبکہ کانسٹیبل آزاد شاہ دھماکے میں محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب موبائل معمول کے گشت پر تھی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور شہدا کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ شواہد اکٹھے کرنے کے لیے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد ڈی ایس پی پنیالہ اور ایس ایچ او فوری طور پر جائے وقوع پہنچے جبکہ علاقے کی مکمل ناکا بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات جاری ہیں اور دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔