کرغزستان کے صدر سادیر جاپروو پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے جہاں صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ایئرپورٹ پر اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔
صدر جاپروو کے ہمراہ کرغز کابینہ کے سینئر وزراء، اعلیٰ حکام اور کاروباری شخصیات پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے۔ دورے کے دوران کرغزستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے سے متعلق اہم بات چیت ہوگی۔
صدر سادیر جاپروو صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے جن میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، معیشت اور علاقائی تعاون بڑھانے پر گفتگو متوقع ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران دونوں ممالک معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کریں گے جن کا مقصد دو طرفہ شراکت داری کو نئی جہت دینا ہے۔