پاکستان اور عمان کی مشترکہ بحری مشق کراچی میں مکمل، دفاعی تعاون مزید مضبوط

image

پاکستان نیوی اور سلطنتِ عمان کی رائل نیوی کے درمیان دو طرفہ بحری تعاون کا اہم سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 12ویں مشترکہ بحری مشق "ثمر الطیب (TAT) 2025" کا انعقاد کراچی میں کیا گیا، جس میں عمانی فلوٹیلا کے دو بحری جہاز الراصخ اور الشیناس نے خصوصی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ مشق دونوں ممالک کے درمیان طویل المدت بحری تعاون، پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے اور باہمی آپریشنل صلاحیتوں کو مستحکم بنانے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔ TAT مشقوں کا آغاز 1980 میں ہوا تھا اور گزشتہ مشق TAT-2023 عمانی پانیوں میں منعقد کی گئی تھی۔

دورے کے دوران رائل نیوی آف عمان کے افسران نے پاکستان نیوی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں، مختلف نیول تنصیبات و کمانڈز کا دورہ کیا اور پیشہ ورانہ مکالموں و تکنیکی مباحثوں میں حصہ لیا۔ دونوں افواج نے سمندری سیکیورٹی، سرچ اینڈ ریسکیو، میری ٹائم انٹیلیجنس اور جدید نیول آپریشنز کے مختلف پہلوؤں پر مشترکہ تربیت حاصل کی۔

مشق کے سمندری مرحلے میں دونوں ممالک کے جنگی جہازوں نے مشترکہ ڈرلز، دفاعی کارروائیوں، فلیٹ مینیوورز اور جدید بحری جنگی مہارتوں کا عملی مظاہرہ کیا، جسے دونوں جانب کی قیادت نے سراہا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، رائل نیوی آف عمان کی شرکت نہ صرف پاک عمان دفاعی تعلقات کے مضبوط ہونے کا ثبوت ہے بلکہ خطے میں امن، استحکام اور میرین تعاون کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی بھی عکاسی کرتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US