ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے صوبہ پنجاب میں زراعت، تعلیم اور صحت کے شعبوں کے لیے 381 ملین ڈالر کی تین اہم منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق زراعت کے لیے 120 ملین ڈالر قرض اور 4 ملین ڈالر گرانٹ فراہم کی گئی ہے جس کا مقصد پنجاب میں جدید اور ماحولیاتی طور پر پائیدار زرعی مشینری کو فروغ دینا ہے۔ اس منصوبے سے 220,000 دیہی خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا اور چھوٹے کسان جدید مشینری استعمال کر سکیں گے۔ منصوبے کے تحت 15,000 خواتین کی مہارتیں بھی بڑھائی جائیں گی۔ پنجاب پاکستان کی غذائی ضروریات کا مرکز ہے جہاں گندم، چاول اور مکئی کی بڑی پیداوار ہوتی ہے۔
تعلیم کے شعبے میں 107 ملین ڈالر کی منظوری دی گئی ہے، جس میں 100 ملین ڈالر قرض اور 7 ملین ڈالر گرانٹ شامل ہے، تاکہ ثانوی سطح پر ایس ٹی سی ایم تعلیم کو جدید بنایا جا سکے۔
صحت کے شعبے میں 150 ملین ڈالر قرض منظور کیا گیا ہے جس سے نرسنگ تعلیم کو بہتر بنایا جائے گا اور مضبوط صحت کی ورک فورس تیار کی جائے گی۔ منصوبے کے تحت لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں جدید سینٹرز آف ایکسیلنس اور تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے جن میں سمیولیشن لیبارٹریز، ڈیجیٹل لرننگ اور صنفی مراعات شامل ہوں گی۔
اے ڈی بی نے زور دیا کہ نئے منصوبے پرانی زرعی مشینری کے استعمال سے پیدا ہونے والے نقصان اور فصل کی باقیات جلانے سے ہونے والی آلودگی کو کم کرنے میں مدد کریں گے، اور پنجاب کی ترقی میں نمایاں تبدیلی لائیں گے۔