وفاقی حکومت نے قومی سلامتی اور نو مئی کے فسادات کے تناظر میں سیاسی انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی اور اہم رہنماؤں سمیت متعدد سیاسی شخصیات کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارتِ داخلہ نے باضابطہ طور پر پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اور ان کے قریبی ساتھیوں سمیت کئی شخصیات پر بیرونِ ملک سفر کی پابندی عائد کر دی ہے۔
ای سی ایل میں شامل اہم شخصیات میں شاہ محمود قریشی، عمر ایوب، فواد چوہدری، شبلی فراز، سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، شہریار آفریدی، عثمان ڈار، شیری مزاری، سینیٹر اعظم سواتی، مسرت جمشید چیمہ، کنول شوزب، اور زرتاج گل شامل ہیں۔
مزید برآں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، شیخ راشد شفیق، طاہر صادق، راجہ بشارت اور واثق سمیت دیگر رہنماؤں پر بھی بیرونِ ملک جانے کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے نو مئی کے واقعات کے بعد جامع جائزہ لینے کے بعد فہرست وفاقی حکومت کو ارسال کی تھی، جس کی منظوری کے بعد یہ پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔
وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ نو مئی کے فسادات میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق جاری رہے گی اور تمام ایسے افراد جن پر شواہد کی بنیاد پر بیرونِ ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے، ان کے نام ای سی ایل میں شامل کیے جائیں گے۔