وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی تین روزہ دورے پر برطانیہ پہنچ گئے، جہاں وہ چند پاکستانی شہریوں کی حوالگی کے معاملے پر برطانوی وزارتِ خارجہ کے حکام سے اہم بات چیت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی کی برطانوی فارن آفس کے حکام سے ملاقات طے ہے جس میں شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے معاملے پر پیش رفت زیر بحث آئے گی۔ محسن نقوی ان افراد سے متعلق شواہد پہلے ہی اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کر چکے ہیں۔ تاہم برطانوی فارن آفس کے مطابق یہ ڈوزیئر ابھی تک لندن نہیں پہنچے۔
دورہ لندن کے دوران محسن نقوی چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کی لانچ تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ یہ تقریب اتوار کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوگی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور وزیر داخلہ کی ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات، سکیورٹی تعاون، غیر قانونی پاکستانیوں کی واپسی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی تھی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے کاغذات بھی برطانوی ہائی کمشنر کے سپرد کیے تھے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا تھا کہ بیرونِ ملک بیٹھ کر سوشل میڈیا پر فیک نیوز پھیلانے والوں کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ انہیں تحفظ ملے گا۔ جو لوگ باہر بیٹھے ہیں، بہت جلد انہیں واپس لایا جائے گا اور جواب دینا ہوگا۔