ہنگو: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک، کیپٹن حمزہ اکرام شہید

image

خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرام شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 7 اگست کو ہنگو میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے دوران 7 خوارج مارے گئے جبکہ اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مسلسل تعاقب کرنے والے 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرام بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک ہونے والے خوارج متعدد شہریوں کے قتل اور دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مؤثر انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی جبکہ بہادر جوانوں کی قربانیاں قوم کے تحفظ اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US