پاکستان بار کونسل نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ اس حوالے سے آئین میں درج طریقہ کار اور پارلیمانی عمل کی مکمل پاسداری کی جائے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل صرف آئینی تقاضوں، پارلیمانی کارروائی اور قومی اتفاقِ رائے کے ذریعے ہی ہونی چاہیے۔ پاکستان بار کونسل نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے صوبوں کے معاملے پر بامعنی مذاکرات کا آغاز کریں۔
پاکستان بار کونسل نے اس معاملے پر قومی سیمینار منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس میں پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں اور ملک کی تمام صوبائی بار کونسلوں کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
قرارداد کے مطابق قومی سیمینار کے انعقاد کا مقصد نئے صوبوں کے معاملے پر وسیع تر مشاورت کو یقینی بنانا، وفاق کو مزید مضبوط کرنا، بہتر طرز حکمرانی کو فروغ دینا اور قومی سطح پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہے۔