محکمہ اسکول ایجوکیشن کا کارنامہ، بلوچستان حکومت کو سوا ارب کی بچت

image

حکومتِ بلوچستان کے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تعلیمی سال 2026ء کے لیے درسی کتب کی پرنٹنگ کے ٹینڈرز میں صوبائی خزانے کو تقریباً ایک ارب 25 کروڑ روپے کی بچت فراہم کردی۔

چیئرمین بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ گلاب خان خلجی اور سیکریٹری بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ نیاز خان ترین نے گزشتہ سالوں کے مقابلے میں اس بار نہ صرف لاگت میں نمایاں کمی کی بلکہ کتابوں کی تعداد میں بھی ریکارڈ اضافہ کیا۔

محکمہ کی رپورٹ کے مطابق سال 2023-24 میں 92 لاکھ 54 ہزار 625 کتابیں 2 ارب 12 کروڑ 46 لاکھ روپے میں شائع کی گئیں، جبکہ سال 2024-25 میں 93 لاکھ 9 ہزار کتابوں کی اشاعت پر 1 ارب 8 کروڑ 66 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

اس کے برعکس سال 2025-26ء میں ایک کروڑ 15 لاکھ درسی کتابیں محض 88 کروڑ 31 لاکھ روپے میں تیار کی گئیں، جو گزشتہ برسوں کی نسبت غیر معمولی بچت ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ نے امسال 0.65 پیسہ فی صفحہ کے حساب سے کتابوں کی اشاعت ممکن بنائی، جو دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ترین ہے۔ مثال کے طور پر خیبر پختونخوا میں یہی لاگت 0.79 پیسہ فی صفحہ رہی۔ اسکول ڈائریکٹوریٹ کے مطابق رواں تعلیمی سال کے لیے ایک کروڑ 15 لاکھ کتابوں کی ڈیمانڈ کی گئی، جو گزشتہ سال کی نسبت 22 لاکھ زیادہ ہے۔ اس اضافے کی وجہ یہ ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تقریباً 4 ہزار بند اسکولوں کو فعال کیا جبکہ 10 ہزار سے زائد نئے اساتذہ کی بھرتیاں بھی عمل میں لائی گئیں۔

نیشنل کریکلم آف پاکستان 2022-23 کے تحت پرائمری سے انٹرمیڈیٹ تک نئے نصاب کے مطابق کتب تیار کرلی گئی ہے۔ نصاب میں ناظرہ و ترجمۂ قرآن، کمپیوٹر ایجوکیشن اور متعدد سپلیمنٹری لرننگ مٹیریل جیسے ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی، صحت و جسمانی تعلیم، شہریت و اخلاقیات شامل کیے گئے ہیں۔

تمام کتب کو ایس او پیز کے مطابق انٹرنل اور پروونشل ریویو کمیٹیوں کے ذریعے جانچا گیا، جبکہ سیکریٹری تعلیم کی ہدایت پر اضافی دو سطحی جائزے بھی لیے گئے۔

محکمہ کے مطابق آئندہ سال انگلش میڈیم کتابوں کو ترجیحی بنیادوں پر شائع کیا جائے گا، جبکہ کتابوں کے معیار میں بہتری کے لیے بکس بورڈ کی جگہ بلیچ کارڈ پیپر استعمال کیا جائے گا۔

اسی طرح کتابوں میں غیر ضروری مواد کم کرکے نصاب کو ایسا بنایا گیا ہے کہ اساتذہ اور طلبہ سالانہ کورس بروقت مکمل کر سکیں اور طلبہ پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ مزید کہا گیا ہے کہ شفاف ٹینڈرنگ، کم لاگت اور بہتر معیار کے اس ماڈل کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔


Click here for Online Academic Results

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US