خیبر پختونخوا اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سردار شاہجہاں یوسف اور ن لیگی رکن سیدہ سونیا حسین نے میڈیکل یونیورسٹی پشاور کے ایم بی بی ایس طلبہ کے امتحانی مسائل پر خیبر پختونخوا اسمبلی میں مشترکہ توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرایا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی گیٹ کے باہر دوسرے اور تیسرے سال کے بڑی تعداد میں طلبہ پرامن احتجاج کر رہے ہیں۔ طلبہ کا مؤقف ہے کہ حالیہ امتحان سرکاری سلیبس اور یونیورسٹی کے آفیشل کورس سے مطابقت نہیں رکھتا۔ غیر مطابق سوالات اور اضافی مواد کو امتحانی پرچے میں شامل کرکے طلبہ کو مشکلات کا شکار کردیا گیا ہے۔
طلبہ نے یہ بھی شکایت کی کہ 30 تا 40 ایم سی کیوز کو کورس سے ہٹ کر شامل کیا گیا، جبکہ آف کورس سوالات پر انہیں مارکس بھی نہیں دیے جا رہے۔ اس صورتحال کے باعث طلبہ کا تعلیمی مستقبل شدید خدشات کا شکار ہے۔
سردار شاہجہاں یوسف اور سیدہ سونیا حسین نے صوبائی وزیرِ صحت سے معاملے کا فوری نوٹس لینے، پیپر کا مکمل آڈٹ کرانے، طلبہ کو ریلیف فراہم کرنے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اسمبلی میں جمع کرائے گئے نوٹس میں زور دیا گیا کہ طلبہ کے مسائل فوری حل کیے جائیں تاکہ ان کا تعلیمی سال متاثر نہ ہو۔