شارجہ میں ایک حیرت انگیز اور نادر طبی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں صرف 6 دن کی بچی کے دانت نکل آئے۔ ڈاکٹرز نے اس کیس کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ نومولود مہرا عبد الرحمٰن کی صحت کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے اور وہ بالکل صحت مند ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق اس حالت کو ’ولادی دانت‘ کہا جاتا ہے جو پیدائش کے فوراً بعد یا چند دنوں کے اندر ظاہر ہو سکتے ہیں۔ یہ دانت عام طور پر بچوں کے لیے خطرناک نہیں ہوتے تاہم بعض اوقات یہ نایاب طبی مسائل سے بھی منسلک ہو سکتے ہیں اسی لیے بچی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
مہرا کے والد نے بتایا کہ جب انہوں نے یہ منظر دیکھا تو وہ حیران بھی رہ گئے اور بے حد خوش بھی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ بچی کی صحت اچھی ہے اور اس کی دیکھ بھال خصوصی توجہ کے ساتھ جاری ہے۔
ایسے واقعات نہایت کم پیش آتے ہیں اس لیے ڈاکٹرز نے اسے ایک نایاب طبی کیس قرار دیا ہے۔