جاپان کے شمال مشرقی علاقوں میں منگل کے روز 7.5 شدت کے زلزلے کے بعد جاری سونامی وارننگز واپس لے لی گئی ہیں۔ زلزلے کے نتیجے میں30 افراد زخمی ہوئے اور تقریباً 90 ہزار رہائشیوں کو اپنے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔
زلزلہ پیر کی شب آوموری کے ساحل سے 80 کلومیٹر دور اور 54 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔ جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی نے ابتدا میں 3 میٹر تک بلند سونامی لہروں کی وارننگ جاری کی تھی جو ہوکائیڈو، آوموری اور ایواتے کے ساحلی علاقوں تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کرتی تھی۔
زلزلے کے بعد ایمرجنسی اقدامات کیے گئے ساحلی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور ایست جاپان ریلوے نے بعض ٹرین خدمات معطل کر دی تھیں۔ تاہم، منگل کی صبح تک تمام سونامی ایڈوائزریز واپس لے لی گئیں اور بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
زلزلے کے فوری بعد ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی تھی مگر اب بحال کر دی گئی ہے۔ جاپانی حکام نے ایٹمی پاور پلانٹس میں کسی بھی بے قاعدگی کی تصدیق نہیں کی اور کہا کہ شہری محفوظ ہیں۔